اتوار 13 ستمبر 2026 - 16:51
مدرسۃ الولایہ نجف اشرف میں دورۂ عربی زبان کی کلاسز کا آغاز

حوزہ / مدرسۃ الولایہ نجف اشرف میں غیر عربی زبان بولنے والے طلاب کے لیے عربی زبان کی تفہیم و مہارت کے سلسلے میں ’’دورۃ اللغة العربیة لغیر الناطقین بها‘‘ کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 12 ستمبر بروز ہفتہ منعقد ہونے والی پہلی کلاس میں تعارفی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلابِ علومِ دینیہ نے بھرپور شرکت کی۔

اس علمی و تعارفی نشست سے ڈاکٹر مولانا عمار یاسر ساجدی اور ڈاکٹر مولانا سید محمد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے فہمِ قرآن و سنت، دینی متون کے گہرے ادراک اور بین الاقوامی سطح پر علمی ابلاغ کے لیے عربی زبان کی اہمیت اور ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا: ایک طالب علم کے لیے عربی زبان میں مہارت محض ایک اضافی خوبی نہیں بلکہ حوزوی تعلیم کا بنیادی تقاضا ہے کیونکہ دینی علوم کے بنیادی مصادر اور علمی ذخیرے سے براہِ راست استفادہ عربی زبان پر عبور کے بغیر ممکن نہیں۔

مدرسۃ الولایہ نجف اشرف میں دورۂ عربی زبان کی کلاسز کا آغاز

اس موقع پر عربی زبان سیکھنے کے جدید اور مؤثر اسلوب کے حوالے سے زبان دانی کے چار بنیادی ارکان پر بھی تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی، جن میں استماع، تکلم، قراءت اور کتابت شامل ہیں۔

استماع: صحیح تلفظ، الفاظ کی ادائیگی اور گفتگو کو سمجھنے کی بنیادی صلاحیت پیدا کرنا۔

تکلم: روزمرہ مکالمے اور علمی ابلاغ میں عربی زبان کے استعمال کے ذریعے اظہارِ خیال میں اعتماد پیدا کرنا۔

قراءت: عربی کتب، دینی متون اور علمی نصوص کو درست طور پر سمجھنے اور تیز رفتاری کے ساتھ مطالعہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا۔

کتابت: قواعد و ضوابط کی رعایت کے ساتھ معیاری اور ادبی انداز میں تحریری اظہار کی صلاحیت پیدا کرنا۔

مدرسۃ الولایہ نجف اشرف میں دورۂ عربی زبان کی کلاسز کا آغاز

اساتذہ کرام نے کورس کے تدریجی مراحل اور مختلف درجات (مستویات) کا روڈ میپ بھی پیش کیا، جس کے ذریعے طلاب کے لیے ابتدائی سطح سے اعلیٰ درجے تک عربی زبان سیکھنے کا ایک منظم خاکہ واضح کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ کلاس کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں طلاب نے عربی زبان سیکھنے کے مؤثر طریقہ کار، زبان میں روانی پیدا کرنے اور عملی طور پر درپیش مختلف مشکلات سے متعلق سوالات کیے۔ اساتذہ کرام نے طلاب کے سوالات کے مدلل اور تسلی بخش جوابات دیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha